نئی دہلی،18؍اگست (ایس او نیوز؍ایجنسی) کورونا انفیکشن کی پہلی لہر کے بعد سپریم کورٹ میں ایک بار پھر چہل پہل ہو سکتی ہے، کیونکہ گزشتہ سال مارچ میں بند ہونے والی جسمانی طور پر سماعت جلد شروع ہو سکتی ہے۔ چیف جسٹس این وی رمنّا نے بدھ کو ٹیلی کام چارج سے متعلق ایک معاملے کی سماعت کے دوران اس بات کا اشارہ دیا۔
جسٹس رمنّا نے سینئر ایڈووکیٹ مکل روہتگی سے کہا کہ ’’ہم ایک ہفتہ دس دن میں جسمانی طور پر سماعت شروع کر سکتے ہیں۔‘‘ ان کا ریمارکس ایسے وقت میں آیا جب ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے معاملے کی سماعت کے دوران کچھ مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
چیف جسٹس نے وکلاء پر زور دیا کہ وہ سماعت کے دوران معیاری وائی فائی آلات استعمال کریں۔ انہوں نے بتایاکہ ’’یہ ممکن ہے کہ ہم آپ کے (وکلاء) کے اہم دلائل نہ سن سکیں۔ پھر بھی تھوڑا سا انتظار کریں۔ ہم ایک ہفتہ یا 10 دن کے بعد جسمانی طور پر سماعت شروع کر سکتے ہیں۔‘‘